الموحدون یعنی دروز، ایک تعارف اور حالیہ جنگ
* *تحریر: سید اسد عباس* دروز خود کو "الموحدون" کے نام سے پکارتے ہیں، جس کا مطلب ہے "توحید پر عمل کرنے والے" یا "ایک خدا پر ایمان رکھنے والے۔" یہ نام ان کے بنیادی عقیدے کی عکاسی کرتا ہے، جو ایک ابدی، غیر مادی خدا پر یقین پر مبنی ہے۔ لفظ "دروز" محمد بن اسماعیل الدروزی کے نام سے ماخوذ ہے، جو اس فرقے کے ابتدائی داعیوں میں سے ایک تھے ۔ تاہم، دروز خود کو حمزہ بن علی بن احمد) جنھیں حمزہ بن زرونی بھی کہا جاتا ہے (اپنا حقیقی بانی اور سب سے معتبر رہنماء تسلیم کرتے ہیں۔ ان کے اکثر مذہبی رسالے بھی انہی سے منسوب ہیں اور انھوں نے 804 ہجری میں ایک نیا سن (کیلنڈر) بھی جاری کیا تھا، جو ان کے مرکزی کردار کو مزید نمایاں کرتا ہے۔ دروز مذہب کی ابتدا 10ویں اور 11ویں صدی عیسوی میں فاطمی سلطنت کے دارالحکومت قاہرہ، مصر میں اسماعیلی شیعہ اسلام سے ہوئی۔ یہ تعلق ان کے ابتدائی مذہبی ارتقاء کو سمجھنے کے لیے بنیادی ہے اور ان کے عقائد پر اسلامی اصولوں کے ساتھ ساتھ ہندو اور یونانی فلسفے کا بھی اثر پایا جاتا ہے۔ باوجود اس کے کہ دروزیت اسلام سے نکلی ہے، اب اسے ایک الگ اور منفرد م...