امامت پر ایک مدلل بحث
امامت پر ایک مدلل بحث
امام کے وجود کا فلسفہ
بعثت انبیاء کی ضرورت کے موضوع پر جو بحث ہم نے کی اس سے کافی حد تک ہمارے لئے پیغمبر کے بعد امام کی ضرورت کا مسئلہ واضح ھو جاتا ھے ،کیونکہ نبی(صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم)اور امام(ع) اکثر موضوعات میں مشترک ہیں ،لیکن یہاں پر ضروری ھے کہ کچھ دوسرے موضوعات پر بھی روشنی ڈال جائے :
الہٰی رہبروں کے وجود کے ساتھ معنوی تکامل
سب سے پہلے ہمیں انسان کی خلقت کے مقصد پر بحث کرنی چاہئے کیونکہ یہ گلدستہ کائنات کا سب سے اچھا پھول ھے۔
انسان خدا کی طرف ،تمام جہات میں کمال مطلق اور معنوی تکامل کی منزل تک پہنچنے کے لئے ایک طولانی اور نشیب وفراز سے پر راستہ طے کرتا ھے۔
بیشک انسان اس راستہ کو ایک معصوم پیشوا کی رہبری کے بغیر طے نہیں کر سکتا ھے اور اس کے لئے ایک الہٰی معلم کی رہبری کے بغیر یہ منزل طے کرنا ممکن نہیں ھے کیونکہ ”اس راہ میں تاریکیاں اور گمراہی کے خطرات موجود ہیں“۔
یہ صحیح ھے کہ خدا وند متعال نے انسان کو عقل وشعور کی قوت سے نوازا ھے اور اسے محکم اور قوی ضمیر عطا کیا ھے ،اس کے لئے آسمانی کتابیں بھیجی ہیں۔لیکن ممکن ھے یہ انسان ان تمام تکوینی اور تشریعی وسائل کے باوجود اپنے لئے صحیح راہ کی شناخت کر نے میں غلطی کا شکار ھو جائے ۔بیشک ایک معصوم پیشوا انحراف اور گمراہی کے خطرات کو دور کر دیتا ھے ۔لہذا ”امام کا وجود انسان کی تخلیق کے مقصد کو مکمل کر نے والا ھے۔“
یہ وہی چیز ھے جسے عقائد کی کتابوں میں”قاعدہ لطف“سے تعبیر کیا گیا ھے۔ اور ”قاعدہ لطف“سے مراد یہ ھے کہ خدا وند متعال ان تمام چیزوں کو انسان کے اختیار میں دیتا ھے جو اس کو تخلیق کے مقصد تک پہنچنے کے لئے ضروری ھوتی ہیں ۔انبیاء کی بعثت اور امام معصوم کا وجود بھی ان ہی میں سے ھے ورنہ انسان کے مقصد خلقت کی مخالفت لازم آئے گی۔(غور فر مائیں)۔
آسمانی ادیان کی حفاظت
ہم بخوبی جانتے ہیں کہ جب الہٰی ادیان انبیاء کے قلوب پر نازل ھو تے ہیں تو وہ بارش کے پانی کی بوندوں کے مانند صاف وشفاف حیات بخش اور روح پرور ھوتے ہیں۔ لیکن جب وہ آلودہ ماحول اور کمزور یا ناپاک ذہنوں میں وارد ھوتے ہیں تو رفتہ رفتہ آلودہ ھو جاتے ہیں اور خرافات وتو ہمات ان میں اس قدر مخلوط ھو جاتے ہیں کہ ان کی بنیادی پاکیزگی اور لطافت ختم ھو جاتی ھے ۔اس حالت میں نہ ان میں جذّابیت باقی رہتی ھے اور نہ تربیت کا خاص اثر ،نہ ہی یہ ادیان پیاسوں کو سیراب کر سکتے ہیں اور نہ ان میں فضائل وکمالات کی کلیاں اور پھول کھلا سکتے ہیں۔
اس لئے ضروری ھے کہ دین ومذہب کی اصلی شکل کی حفاظت اور دینی اصول وضوابط کے خالص رہنے کے لئے ایک معصوم پیشوا موجود ھو تا کہ وہ انحرا فات ،غلط افکار،غلط اور اجنبی نظریات،توہمات وخرافات سے دین کو بچاسکے ۔اگر دین ومذہب ایسے رہبر سے محروم ھوگا تو وہ دین مختصر مدت کے اندر ہی اپنی حقیقی شکل اور پاکیزگی کو کھودے گا۔
اسی لئے حضرت علی علیہ السلام نہج البلاغہ میں فر ماتے ہیں:
”اللّٰھم بلی ،لا تخلوا لارض من قائم للّٰہ بحجة،اماظاھراًمشھورا،اوخائفاًمغمورا لئلا تبطل حجج اللّٰہ وبینا تہ۔“[1]
”جی ہاں ،زمین ہر گز قیام کر نے والے حجت خدا سے خالی نہیں ھو سکتی ھے،خواہ(وہ حجت خدا)ظاہر وآشکار ھو یامخفی وپوشیدہ،تاکہ خدا کی واضح دلیلیں اور نشانیاں باطل نہ ھونے پائیں۔“
حقیقت میں قلب امام(ع) اس محفوظ صندوق کے مانند ھے جس میں ہمیشہ گراں قیمت اسنادرکھے جاتے ہیں تاکہ چوروں کی لوٹ مار اور دوسرے حوادث سے محفوظ رہیں یہ بھی وجود امام کے فلسفوں میں سے ایک فلسفہ ھے۔
امت کی سیاسی واجتماعی رہبری
اس میں کوئی شک نہیں ھے کہ کوئی بھی معاشرہ یاگروہ ایک ایسے اجتماعی نظام کے بغیر باقی نہیں رہ سکتا ھے جس کی سر پرستی ایک توانا رہبر کرتا ھو۔اسی لئے زمانہ قدیم سے آج تک تمام اقوام و ملل نے اپنے لئے ایک رہبر کو منتخب کیا ھے۔ کبھی یہ رہبر صالح ھو تا تھا لیکن بہت سے مواقع پر ناصالح ھو تا تھا ۔اکثر مواقع پر امتوں کی ایک رہبر کی ضرورت اور احتیاج سے ناجائز فائدہ اٹھا تے ھو ئے ظالم بادشاہ اور سلاطین زورو زبر دستی سے لوگوں پر مسلط ھو کر اقتدار کو اپنے ہاتھ میں لے لیتے تھے۔۔۔یہ ایک طرف۔
دوسری طرف انسان کو اپنے معنوی کمال کے مقصد تک پہنچنے کے لئے اس راستہ کو اکیلے ہی نہیں بلکہ جماعت اور معاشرہ کے ہمراہ طے کر ناچاہئے ۔کیونکہ فکری ،جسمانی، مادی اور معنوی لحاظ سے انفرادی طاقت کمزور ھو تی ھے اور اس کے مقابلہ میں اجتماعی طاقت بہت قوی ھوتی ھے ۔
لیکن ایک معاشرے کے لئے ضروری ھے کہ اس میں ایک ایسا صحیح نظام حکم فر ماھو،جو انسانی صلاحیتوں میں نکھار لائے ،انحرا فات اور گمراہیوں سے مقابلہ کرے،معاشرے کے تمام افراد کے حقوق کا تحفظ کرے،بلند مقاصد تک پہنچنے کے لئے پرو گراموں کو منصوبہ بند طریقے پر منظم کرے اور ایک آزاد ماحول میں پورے معاشرے کو حرکت میں لانے کے عوامل یکجا کرے۔
چونکہ ایک خطا کارانسان میں ایسی عظیم ذمہ داری سنبھالنے کی صلاحیت اور طاقت نہیں ھے ،جیسا کہ ہم ہمیشہ صحیح راستہ سے سیاسی حکمرانوں کے انحراف اور گمراہی کا مشاہدہ کرتے رھے ہیں ،اس لئے ضروری ھے کہ خداوند متعال کی طرف سے ایک معصوم رہبران امور کی نگرانی ونظارت کرے اور لوگوں کی توانائیوں اور دانشوروں کے افکار سے استفادہ کرتے ھوئے انحرافات کی بھی روک تھام کرے۔
یہ امام کے وجود کے فلسفوں میں سے ایک فلسفہ اور”قاعدہ لطف“کے شعبوں میں سے ایک شعبہ ھے۔ہم مکرر عرض کر رھے ہیں کہ استثنائی زمانہ میں بھی ،جب امام معصوم کچھ وجوہات کی وجہ سے غائب ھوں تو لوگوں کی ذمہ داریاں واضح ہیں ۔ان شاء اللہ تعالیٰ ہم”حکومت اسلامی“کی بحث میں اس پر مفصل روشنی ڈالیں گے۔
اتمام حجّت کی ضرورت
امام(ع) کے وجود کی نورانی کرنوں سے صرف آمادہ دلوں کی رہنمائی ہی مقصد نہیں ھے تاکہ وہ کمال مطلق کے راستے پر گامزن رہیں بلکہ امام کا وجودان لوگوں کے لئے بھی حجت کے طور پر ضروری ھے،جو جان بوجھ کر گمراہی کی طرف جاتے ہیں ،تاکہ ان کے ساتھ وعدہ کی گئی سزابے دلیل نہ ھو اور کوئی شخص ایسا اعتراض نہ کر سکے ،کہ اگر کسی الہٰی رہبر نے ہماری رہنمائی کرتے ھوئے ہمیں حق کی طرف دعوت دی ھو تی تو ہم ہر گزگمراہ نہ ھو تے۔
مختصر یہ کہ امام کے وجود کا مقصد یہ ھے کہ عذر اور بہانہ کے تمام راستے بند کر دیئے جا ئیں ،حق کی دلیلیںکافی حد تک بیان کی جائیں ،نا آگاہ لوگوں کو آگاہی فراہم کی جائے اور آگاہ افراد کو اطمینان دلاکر ان کے ارادہ کو تقویت بخشی جائے۔
امام،فیض الہٰی کا عظیم وسیلہ ھے
بہت سے علماء ،اسلامی احادیث کی روشنی میں،انسانی معاشرہ یا تمام کائنات میں پیغمبر اور امام کے وجود کو انسان کے بدن میں ”قلب“کے وجود سے تشبیہ دیتے ہیں۔
ہم بخوبی جانتے ہیں کہ دل کی دھڑکن کے نتیجہ میں خون تمام رگوں میں پہنچ جاتا ھے اور اس طرح بدن کی تمام خلیوں کو غذا پہنچتی ھے۔
چونکہ امام معصوم ایک انسان کامل اور کاروان انسانیت کے راہنما کی حیثیت سے فیض الہٰی کے نازل ھو نے کا وسیلہ ھے اور ہر شخص پیغمبر وامام سے اپنے ارتباط کے مطابق اس فیض الہٰی سے بہرہ مند ھو تا ھے ۔لہذا یہ کہنا چاہئے کہ جس طرح انسان کے لئے ”دل“کا وجود ضروری ھے اسی طرح عالم انسانیت کے لئے فیض الہٰی کے اس وسیلہ (امام(ع)) کا ھونابھی ضروری ھے۔(غور فر مائیے)
مغالطہ نہ ھو ،پیغمبر اور امام کے پاس اپنی کوئی ایسی چیز نہیں ھو تی ھے جسے وہ دوسروں کو عطا کریں ،بلکہ ان کے پاس جو کچھ ھو تا ھے وہ خدا کا دیا ھوا ھو تا ھے ،لیکن جس طرح ”دل“بدن کے لئے فیض الہٰی کا وسیلہ ھو تا ھے ،اسی طرح پیغمبر اور امام بھی تمام انسانوں کے لئے فیض الہٰی کے سبب اور وسیلہ ھو تے ہیں۔
امام کے خاص شرائط وصفات
اس بحث میں سب سے پہلے اس نکتہ کی طرف توجہ کر نا ضروری ھے:قرآن مجید سے بخوبی معلوم ھو تا ھے کہ”امامت کا مرتبہ“ایک ایسا بلند مرتبہ ھے کہ ممکن ھے ایک انسان اس مرتبہ تک پہنچ سکے ۔یہاں تک کہ یہ مرتبہ ”نبوت“ اور ”رسالت“کے مرتبہ سے بھی بلند تر ھے۔ کیونکہ بت شکن پیغمبر حضرت ابراھیم علیہ السلام کے بارے میں قرآن مجید میں سورہ بقرہ کی آیت نمبر ۱۲۴میں ارشاد ھوا ھے:
<وإذ ابتلیٰ إبراھیم ربّہ بکلمٰتٍ فاٴتمّھنّ قال إنّی جاعلک للنّاس اماماً قال ومن ذرّیّتی قال لا ینال عھدی الظلمین>
”اور اس وقت کو یاد کرو جب خد انے چند کلمات کے ذریعہ ابراھیم(ع) کا امتحان لیا اور انھوں نے اسے پورا کر دیا تو اس (خدا) نے کہا ہم تم کو لوگوں کا امام اور قائد بنارھے ہیں ۔انھوں نے عرض کی:میری ذریت؟ارشاد ھو یہ عہدئہ امامت ظالمیں تک نہیں جا ئے گا۔“
اس طرح حضرت ابراھیم(ع)،نبوت اور رسالت کا مرحلہ طے کر نے اور خدا کی طرف سے لئے گئے مختلف امتحانات میں کامیابی حاصل کر نے کے بعد لوگوں کی ظاہری وباطنی اور مادی ومعنوی پیشوائی کے بلند مرتبہ(امامت)پر فائز ھوئے۔
پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی نبوت ورسالت کے مرتبہ کے علاوہ لوگوں کی امامت ورہبری کے مرتبہ پر فائز تھے ،بعض انبیاء علیہ السلام بھی اس مرتبہ پر فائز تھے ،یہ ایک طرف۔
دوسری طرف ہم جانتے ہیں کہ کسی عہدہ کو سنبھالنے والے میں فرائض اور ذمہ داریوں کے مطابق شرائط اور صفات کا ھو نا ضروری ھے یعنی جس قدر مرتبہ بلند تر اور ذمہ داریان سنگین تر ھوں گی اسی تناسب سے ضروری شرائط اور صفات سنگین تر ھوں گی ۔
مثلاًاسلام میں قاضی اور جج کے عہدہ پر فائز ھونے،حتی گواہی دینے اور امام جماعت بننے کے لئے بھی عادل ھو نا ضروری ھے ۔جس مذہب میں ایک گواہی دینے یا نماز جماعت میں حمد وسورہ پڑھنے کی ذمہ داری نبھانے والے کے لئے عادل ھو نا ضروری ھو،ظاہر ھے اس میں امامت کے جیسے غیر معمول اور بلند مرتبہ پر فائز ھو نے کے لئے کن شرائط کا ھو نا ضروری ھو گا ۔
بہر حال امام کے لئے درج ذیل شرائط کا ھو نا ضروری ھے:
۱۔معصوم ھو نا:امام کو پیغمبر کے مانند معصوم ھو نا چاہئے یعنی اسے خطا اور گناھوں سے پاک ھو نا چاہئے ۔اگر ایسا نہ ھو گا تو وہ لوگوں کے لئے رہبر اور نمونہ نہیں بن سکتا ھے اور معاشرے کے لئے قابل اعتماد نہیں بن سکتا ھے۔
امام میں ایسی خصوصیات ھونی چاہئیںکہ لوگوں کے دل و جان پر حکمرانی کر سکے اور اس کا حکم کسی چون وچرا کے بغیر لوگوں کے لئے قابل قبول ھو نا چاہئے ۔جو شخص گناھوں میں آلودہ ھو گا وہ کبھی ہر لحاظ سے قابل اعتماد نہیں ھو سکتا اور ایسی مقبو لیت پیدا نہیں کر سکتا ۔
جو شخص اپنے روز مرہ کاموں میں غلطیوں اور خطاؤں کا مرتکب ھو تا ھو ،اس کے لئے کیسے ممکن ھے کہ معاشرے کے امور میں اس کے افکار و نظریات پر اعتماد کرتے ھو ئے کسی چون وچرا کے بغیر عمل کیا جائے؟
اس میں کوئی شک نہیں ھے کہ پیغمبرکو معصوم ھو نا چاہئے ،امام میں بھی اس شرط کا ھو نا مندرجہ بالا دلیل کے مطابق ضروری ھے ۔
اس بات کو ایک اور طریقہ سے بھی ثابت کیا جاسکتا ھے،وہ طریقہ”قاعدہ لطف“ھے ۔کہ پیغمبر و امام کے وجود کی اصل کا انحصار اسی قاعدہ پر ھے اور یہ قاعدہ عصمت کی صفت کو بھی ضروری قرار دیتا ھے ،کیو نکہ پیغمبر و امام کے وجود مقدس کے مقاصد کی تکمیل مرتبہ عصمت کے بغیر ممکن نہیں ھے۔اس کے علاوہ گزشتہ سبق میں جو وجود امام(ع) کے فلسفے ہم نے بیان کئے ہیں وہ بھی اس (صفت عصمت)کے بغیر نامکمل رہیں گے۔
۲۔بھر پور علم:امام،پیغمبر کے مانند لوگوں کے لئے علمی مامن اور پناہ گاہ ھو تا ھے ۔وہ تمام اصول دین،فروع دین،قرآن مجید کے ظاہر و باطن ،پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلمکی سنت اور جو کچھ اسلام سے مربوط ھے ان سب کے بارے میں مکمل طور پر آگاہ و عالم ھو نا چاہئے کیونکہ وہ شریعت اسلام کا محافظ بھی ھو تا ھے اور لوگوں کا رہبر و قاعد بھی ھو تا ھے۔
جو اشخاص ،پیچیدہ اور مشکل مسائل پیش آنے کی صورت میں پریشان ھو کر دوسروں کی طرف دست ِسوال دراز کرتے ہیں اور ان کا علم ودانش اسلامی معاشرے کو پیش آنے والے مسائل کو حل کر نے سے قاصر ھو تا ھے وہ ہر گز امات کا منصب اور لوگوں کی رہبری وقیادت کی باگ ڈور نہیں سنبھال سکتے ہیں۔
مختصر یہ کہ امام کو دین الہٰی کا سب سے عظیم عالم ھو ناچاہئے تاکہ پیغمبرصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت کی وجہ سے پیدا ھو نے والے خلاء کو فوراًپر کر سکے اور صحیح اور ہر قسم کے انحرافات سے پاک اسلام کی راہ کو ثبات و دوام بخش سکے۔
۳۔شجاعت:امام کے لئے ضروری ھے کہ وہ اسلامی معاشرے میں شجاع ترین انسان ھو،کیونکہ شجاعت کے بغیر ،رہبری وقیادت ممکن نہیں ھے ۔یہ شجاعت سخت اور ناگوا حوادث جابروں،سرکشوں ظالموں،اور اسلامی مملکت کے داخلی وخارجی دشمنوںسے مقابلہ کے لئے ضروری ھے۔
۴۔زہد وتقویٰ:ہم بخوبی جانتے ہیں کہ دنیا کی ظاہری شان وشوکت اور زرق وبرق میں گرفتار ھوئے لوگ جلد دھوکہ کھاتے ہیں اور ان کے لئے حق کی راہ سے منحرف ھو نے کا احتمال زیادہ ھو تا ھے ۔ان دنیا پرستوں کو کبھی لالچ کے ذریعہ اور کبھی دھمکیوں سے اپنے اصلی راستہ سے منحرف کیا جاتا ھے۔
امام کو اس دنیا کی ظاہری نعمتوں کے مقابلہ میں ”اسیر“ھو نے کے بجائے ”امیر“(بے نیاز)ھو نا چاہئے۔
امام کو اس مادی دنیا کی ہر قید وبند ،یعنی، نفسانی خواہشات ،مقام و منزلت ،مال و دولت اور جاہ و حشم کی قیود سے آزاد و بے نیاز ھو نا چاہئے تاکہ فریب،اثرورسوخ اور سازش کے دام میں پھنسا کر اسے شکست نہ دی جا سکے ۔
۵۔پر کشش اخلاق: پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بارے میں قرآن مجید میں سورہ آل عمران کی آیت نمبر ۱۵۹ میں ارشاد ھوا ھے:
<فبما رحمة من اللّٰہ لنت لھم ولو کنت فظّاً غلیظ القلب لا نفضّوا من حولک> ( سورہ آل عمران/۱۵۹)
”پیغمبر!یہ اللہ کی مہر بانی ھے کہ تم ان لوگوں کے لئے نرم ھو ورنہ اگر تم بد مزاج اور سخت دل ھوتے تو یہ تمھارے پاس سے بھاگ کھڑے
ھو تے“
پیغمبرصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور امام ہی نہیں بلکہ معاشرے کے ہر رہبر و پیشوا کے لئے ضروری ھے کہ وہ بھی پر کشش اور نیک اخلاق کا مالک ھو تا کہ وہ مقناطیس کے مانند لوگوں کو اپنی طرف کھینچ سکے۔
بیشک ہر قسم کی تند روی اور بد اخلاقی،جو لو گوں میں نفرت پیدا ھو نے کا سبب ھوتی ھے ،پیغمبر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اورامام کے لئے بہت بڑا عیب شمار ھوتی ھے وہ ایسے عیوب سے پاک و منزّہ ھو تے ہیں ،ورنہ(امام(ع))کے بہت سے وجودی فلسفے بے کار ھو کر رہ جائیں گے۔
یہ اہم ترین شرائط ہیں،جو عظیم علماء نے امام کے لئے بیان کئے ہیں۔
البتہ مذکورہ پانچ صفات کے علاوہ بھی امام کے لئے کچھ مزید صفات اور شرائط کا ھو نا ضروری ھے ،لیکن ان میں سے اہم ترین صفات یہی ہیں جن کا ذکر ہم نے کیا ھے۔
امام کا تعیّن کس کے ذمہ ھے؟
مسلمانوں کے ایک گروہ (اہل سنّت)کا یہ عقیدہ ھے کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایسی حالت میں رحلت فر مائی کہ آپ(صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم)نے اپنے بعد کسی کو جانشین کے طور پر مقرر و معیّن نہیں فر مایا تھا ۔ان لوگوں کا عقیدہ یہ ھے کہ یہ ذمہ داری خود مسلمانوں کی ھے کہ اپنے لئے رہبر اور پیشوا کو منتخب کریں اور اس کام کو ”اجماع مسلمین“ کے طریقہ سے انجام دیںجو دلائل شرعی میں سے ایک دلیل ھے۔
ان کا کہنا ھے کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت کے بعد یہ کام انجام پایا اور سب سے پہلے خلیفہ اول امت کے اجماع کے ذریعہ خلافت کے عہدے پر منتخب کئے گئے ۔جبکہ پہلے خلیفہ نے (اجماع امت کے بجائے) خود ذاتی طور پر (وصیت کے ذریعہ) دوسرے خلیفہ کو مقرر کیا۔
اس کے بعد دوسرے خلیفہ نے چھ افراد پر مشتمل ایک شوریٰ تشکیل دی تاکہ یہی لوگ ان کے بعد ان کے جانشین کو منتخب کریں۔
اس شوریٰ کے اراکین :حضرت علی(ع)،عثمان،عبدالرحمان بن عوف،طلحہ،زبیر اور سعد بن ادبی وقاص تھے۔
اس شوریٰ نے تین اراکین کی اکثریت سے،یعنی سعدبن ابی وقاص ،عبدالرحمان بن عوف اور طلحہ کی رائے سے عثمان کو منتخب کیا۔ دوسرے خلیفہ نے صراحت کی تھی کہ شوریٰ کے اراکین کی رائے تین تین افراد پر برابر تقسیم ھو جانے کی صورت میں جس طرف عبدالرحمان بن عوف (عثمان کے بہنوئی )کی رائے ھو وہی خلیفہ منتخب کیا جائے!
عثمان کی خلافت کے آخری دنوں میں لوگوں نے مختلف دلائل کی بنا ء پر ان کے خلاف بغاوت کی اور اس سے پہلے کہ وہ ذاتی طور پر یا شوریٰ کے ذریعہ اپناجانشین مقرر کرتے،انھیں قتل کر ڈالا۔
اس وقت عام مسلمانوں نے حضرت علی علیہ السلام کی طرف رخ کیا اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جانشین کی حیثیت سے آپ(ع) کی بیعت کی ۔صرف شام کے گورنر معاویہ نے حضرت علی علیہ السلام کی بیعت سے انکار کیا ،کیونکہ وہ بخوبی جانتا تھا کہ حضرت علی(ع) اسے موجودہ عہدے پر باقی نہیں رکھیں گے ۔
معاویہ نے نہ صرف حضرت علی علیہ السلام کی بیعت ہی نہیں کی بلکہ آپ(ع) کے خلاف بغاوت کا جھنڈا بلند کر دیا اور اس طرح تاریخ اسلام میں ناگوار،مرگ آور اور منحوث حوادث کا دور شروع ھوا جس کے نتیجہ میں بے گناہ مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد کا خون بہہ گیا۔
یہاں پر علمی اور تاریخی بحثوں کے واضح ھو نے کے لحاظ سے بہت سے سوالات ابھرتے ہیں ہم ان میں سے چند سوالات پر بحث کر رھے ہیں:
۱۔کیا امت کو پیغمبر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا جانشین منتخب کر نے کا حق ھے؟
اس سوال کا جواب مشکل اور پیچیدہ نہیں ھے ۔اگر ہم امامت کو اسلامی معاشرہ کی ظاہری حکمرانی جان لیں تو ایسے حاکم کو لوگوں کی رائے سے منتخب کر نا رائج ھے۔
لیکن اگر ہم امامت کو اس معنی میں لیں ،جس کی وضاحت ہم پہلے قرآن مجید کی روشنی میں کرچکے ہیں ،تو کسی شک و شبہہ کے بغیر،خداوند متعال یا وحی الہٰی سے پیغمبر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے علاوہ کوئی بھی شخص امام اور خلیفہ کو معین نہیں کرسکتا ھے۔
کیونکہ اس تفسیر کے مطابق امامت کی شرط اسلام کے تمام اصول وفروع میں بھر پور علم رکھنا ھے ایسا علم جس کا سر چشمہ علم الہٰی اور علم پیغمبر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ھوتاکہ وہ شریعت اسلام کی حفاظت کرسکے۔
دوسری شرط یہ ھے کہ امام معصوم ھو ناچاہئے ،یعنی اسے خداکی طرف سے ہر خطاو گناہ سے پاک ومنزّہ ھو نے کی ضمانت حاصل ھو تا کہ معاشرے کی معنوی و مادی، ظاہری و باطنی رہبری و قیادت کی ذمہ داری سنبھال سکے۔
اس کے علاوہ امام یا خلیفہ کو اس منصب کے لئے ضروری زہد وتقویٰ ،پرہیز گاری اور شجاعت کا حامل بھی ھو ناچاہئے ۔
یہ بات یقینی ھے کہ ان شرائط کی تشخیص خدا اور پیغمبر کے علاوہ کسی اور کے ذریعہ ممکن نہیں ھے ۔وہی(خداہی) یہ جانتا ھے کہ کس شخص کی روح عصمت کے نور سے منور ھے اور وہی جانتا ھے کہ منصب امامت کے لئے ضروری علم ،تقویٰ ،پرہیز گاری ،شجاعت و شہامت کس شخص میں موجود ھے۔
جن لوگوں نے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خلیفہ اور امام کا تعیّن لوگوں کے ہاتھ میں دے دیا ھے،انھوں نے حقیقت میں امامت کے قرآنی مفھوم میں تبدیلی ایجاد کر کے امامت کو عام حکمرانی اور دنیوی امور میں لوگوں کی رہبری تک محدود کر کے رکھ دیا ھے ورنہ جامع اور کامل معنی میں امامت کے شرائط پرور دگار عالم کے ذریعہ ہی قابل تشخیص ہیں اور وہی ان صفات کے بارے میں مکمل علم و آگاہی رکھتا ھے۔
امام کا انتخاب بھی بالکل اسی طرح کیا جاتا ھے جس طرح پیغمبر کا انتخاب کیا جاتا ھے ۔پیغمبر کا انتخاب لوگوں کی رائے سے نہیں کیا جاسکتا بلکہ ضروری ھے کہ پیغمبر کا انتخاب خداوند متعال کی طرف سے ھو اور معجزات کے ذریعہ اس کی پہچان کر وائی جائے اس لئے کہ پیغمبر میں پائی جانے والی ضروری صفات کی تشخیص بھی صرف خدا وند متعال ہی کر سکتا ھے۔
۲۔کیا پیغمبر(صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) نے اپنا جانشین مقرر نہیں فر مایا ھے؟
بیشک دین اسلام ایک ”عالمی‘اور ”لافانی“دین ھے اور قرآن مجید کی واضح آیات کے مطابق یہ دین کسی خاص زمان و مکان سے مخصوص نہیں ھے ۔
یہ بھی ایک حقیقت ھے کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ سلم کی رحلت کے زمانہ تک یہ الہٰی اور آسمانی دین جزیرئہ عرب سے باہر نہیں پھیلا تھا۔
دوسری طرف پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلمکی زندہ گی کے تیرہ سال مکہ میں شرک وبت پرستی سے مبارزہ اور مقابلہ کر نے میں گزرگئے اور ہجرت کے بعد، جو اسلام کے پھلنے اور پھولنے کا درد تھا ،آپ(صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کی زندہ گی کے باقی دس سال بیشتر دشمنوں کی طرف سے تھوپی گئی جنگوں اور غزوات میں صرف ھو گئے۔
اگر چہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اسلام کے مسائل کی تبلیغ اور تعلیم کے لئے دن رات انتھک کو شش کی اور اور نو عمر اسلام کا تمام جہات میں تعارف فر مایا،پھر بھی یقینا اسلام کے بہت سے ایسے مسائل باقی تھے جن کی تفسیر وتشریح کے لئے مزید وقت در کار تھا، اس لئے ضروری تھا کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی جیسا کوئی شخص آپ(صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کے بعد اس سنگین ذمہ داری کو سنبھالے ۔
ان تمام باتوں کے علاوہ مستقبل کے حالات کی پیشنگوئی کے پیش نظر مذہب کو دوام بخشنے کے مقد مات کو فراہم کر نا ان اہم امور میں سے ھے کہ ہر رہبر اور قائد کو اس کی فکر ھو تی ھے اور ہر گز اس بات کے لئے آمادہ نہیں ھو تا ھے کہ اس بنیادی مسئلہ کو فرا موش کر دے۔
اس کے علاوہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلمنے بعض اوقات انسانی زندگی کے معمولی اور سادہ مسائل کے بارے میں بھی احکام بیان فر مائے ہیں ،کیا یہ ممکن ھے کہ آپ(صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) نے مسلمانوں کی خلافت،زعامت اور امامت جیسے اہم مسئلہ کے بارے میں کو ئی دستور معیّن نہیں فر مایا ھو گا؟!
مذکورہ تین نکات کا مجموعہ اس بات پر واضح دلیل ھے کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے جانشین مقرر کر نے کا قطعاً اقدام فر مایا ھے ۔انشااللہ ہم بعد میں اس سلسلہ میں قطعی اور مسلّم الثبوت روایتوں کے چند نمو نے بھی پیش کریں گے تاکہ یہ منطقی حقیقت اور بھی زیادہ واضح ھو جائے کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہر گز اپنی زندگی کے دوران اس اہم اور حیاتی مسئلہ سے غافل نہیں رھے ہیں ،اگر چہ خاص سیاسی وجو ہات کی بنا ء پر پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت کے بعد لوگوں کے ذہنوں میں یہ تصور پیدا کرنے کی کوشش کی گئی کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کسی کو اپنا جانشین مقرر نہیں فر مایاھے۔
کیا یہ بات قابل یقین ھے کہ جب رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم غزوات (جیسے غزوہ تبوک) کے دوران صرف چند دنوں کے لئے مدینہ منورہ سے باہر تشریف لے جاتے تھے تو ضرور اپنی جگہ پر کسی کو جانشین مقرر فر ماتے تھے اور اپنی جگہ خالی نہیں رکھتے تھے،لیکن اپنی رحلت کے بعد کی کوئی پروا کئے بغیر کسی قسم کا اقدام نہ فر مائیں ،اور امت کو اختلا فات اور سر گردانی کے طوفان میں اپنے حال پر چھوڑ دیں اور ہر ایک رہبر کے ذریعہ اسلام کے دوام کی ضمانت فراہم نہ فر ما ئیں؟!
اگرپیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنا جانشین مقرر نہ فر ماتے تو یقینا نو عمر اسلام کے لئے بڑے خطرات لا حق ھو تے ۔عقل اور منطق اس بات کی ہر گز اجازت نہیں دیتی ھے کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایسا کام انجام دیں جس سے اسلام کو خطرات لاحق ھوں۔جن لوگوں کا یہ دعویٰ ھے کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یہ کام امت کے ذمہ چھوڑ دیا ھے ،وہ اپنے اس نظریہ کی تائید میں پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی طرف سے کم از کم ایک دلیل تو پیش کریں،جس سے ثابت ھو جائے کہ پیغمبر اسلام نے اس نظریہ کی تاکید فر مائی ھے !،جبکہ ان کے پاس اس سلسلہ میں کوئی بھی دلیل موجود نہیں ھے۔
۳۔ اجماع اور شوریٰ
فرض کریں پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے (اپنا جانشین مقرر کر نے کے )اس نہایت اہم مسئلہ کو نظر انداز کیا ھو اور خود مسلمانوں پر اس (خلیفہ) کے انتخاب کر نے کی ذمہ داری ھو لیکن ہم جانتے ہیں کہ ”اجماع“سے مراد تمام مسلمانوں کا اتفاق ھے اور پہلے خلیفہ کی خلافت کے بارے میں ہر گز ایسا اتفاق یا اجماع حاصل نہیں ھوا ھے ۔صرف مدینہ میں موجود اصحاب میں سے چند صحابیوں نے اس بات کا فیصلہ کیا، جبکہ تمام اسلامی شہروں کے لوگوں نے اس فیصلہ میں بالکل شرکت نہیں کی ،بلکہ خود مدینہ میں موجود حضرت علی(ع) اور بنی ہاشم کے بہت بڑے گروہ نے اس انتخاب میں کسی قسم کی شرکت نہیں کی ،اس لئے یہ اجماع قطعاً قابل قبول نہیں ھے۔
پھراگر یہ طریقہ صحیح تھا ،تو پہلے خلیفہ نے اپنا جانشین مقرر کر نے کے سلسلہ میں کیوں اس پر عمل نہیں کیا ؟انھوں نے کیوں ذاتی طور پر اپنا جانشین نامزد کیا ؟اگر ایک شخص کی طرف سے جانشین کو مقرر کر نا کافی ھوتا تو پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس کام کے لئے سب سے افضل و اولیٰ تھے۔اگر لوگوں کی طرف سے بعد میں کی جانے والی بیعت اس مشکل کو حل کر سکتی ھے تو پیغمبر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بارے میں یہی بیعت بہر صورت میں مسئلہ کو حل کرسکتی ھے ۔
اس کے علاوہ تیسری مشکل ”خلیفہ سوم“کے بارے میں پیش آتی ھے ،کہ دوسرے خلیفہ نے کیوں پہلے خلیفہ کے منتخب ھو نے کے طریقہ کو بھی بالائے طاق رکھ دیا اور جس طریقہ سے خود بر سر اقتدار آئے تھے ،اس کو بھی توڑ دیا یعنی نہ”اجماع“ پر عمل کیا اور نہ ذاتی طور پر کسی کو نامزد کیا بلکہ اس کام کے لئے ایک تیسرا طریقہ ایجاد کر کے ایک محدود شوریٰ کو اس کام کی ماموریت دے دی۔
اصولی طور پر اگر شوریٰ صحیح ھے تو یہ شوریٰ کیوں صرف چھ افراد تک محدود ھو؟اور چھ ارکان میں سے صرف تین ہی کی رائے کافی ھو؟
یہ وہ سوالات ہیں جو تاریخ اسلام کے ہر محقق کو پیش آتے ہیں اور ان سوالات کا جواب نہ ملنا اس بات کی واضح دلیل ھے کہ امام اور خلیفہ کے انتخاب کے مذکورہ طریقے صحیح نہیں ہیں ۔
۴۔علی علیہ السلام سب سے لائق وافضل تھے۔
اگر ہم فرض کریں کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کسی بھی شخص کو اپنا جانشین مقرر نہیں فر مایا تھا،اور یہ بھی فرض کرلیں کہ یہ کام لوگوں پر چھوڑ دیا گیا تھا ۔لیکن کیا یہ صحیح ھے کہ خلیفہ اور امام کو منتخب کر نے کے وقت ایک ایسے شخص کو نظر انداز کر دیا جائے جو علم ،تقویٰ،پرہیز گاری شجاعت اور دوسرے امتیازات و خصوصیات کے لحاظ سے سب سے افضل ھو اور اس کے بجائے ایک ایسے شخص کا انتخاب کیا جائے جو اس سے نہایت کمتر ھو؟!
علماء اسلام کی ایک بڑی تعداد ،حتی کہ اہل سنت علماء نے واضح طور پر لکھا ھے کہ اسلامی مسائل سے آگاہی اور علم رکھنے کے حوالے سے حضرت علی(ع) سب سے افضل تھے۔ خود حضرت (ع) سے باقی ماندہ روایات اور آثار اس حقیقت کے روشن ثبوت ہیں۔تاریخ اسلام اس بات کی گواہ ھے کہ حضرت علی (ع) تمام علمی مشکلات کو حل کر نے میں امت کے پناہ گاہ تھے،یہاں تک کہ اگر کبھی خلفاء کو بھی کوئی پیچیدہ یا مشکل مسئلہ پیش آتا تھا، وہ حضرت(ع) کی طرف رجوع کرتے تھے اور آپ(ع) سے مدد طلب کرتے تھے۔
حضرت علی (ع)شجاعت ،علم ،تقویٰ،پرہیز گاری اور دوسری صفات کے لحاظ سے سب سے افضل تھے اس لئے اس فرض کی بناء پر کہ لوگوں کو امام وخلیفہ چننے کا حق تھا ،پھر بھی علی(ع) اس منصب کے لئے سب سے زیادہ لائق اور شائستہ تھے۔(البتہ اس بحث سے متعلق کافی اسناد موجود ہیں ،جن کا ذکر اختصار کے پیش نظر یہاں پر ممکن نہیں ھے )۔
قرآن اور امامت
عظیم آسمانی کتاب قرآن مجید ،دوسری تمام چیزوں کے مانند امامت کے مسئلہ میں بھی ہمارے لئے بہترین راہنما ھے۔قرآن مجید نے مسئلہ امامت پر مختلف جہات سے بحث کی ھے۔
۱۔قرآن مجید”امامت“کو خدا کی جانب سے جانتا ھے:
جیسا کہ ہم نے گزشتہ بحثوں میں حضرت ابراھیم (ع) بت شکن کی داستانوں میں پڑھا ھے کہ خدا تعالیٰ نے قرآن مجید میں حضرت ابراھیم(ع) کو نبوت اور رسالت پر فائز ھو نے اور مختلف امتحانات میں کامیاب ھو نے کے بعد امامت کے عہدہ پر قرار دیا ھے۔اور سورہ بقرہ کی آیت نمبر ۱۲۴ میں ارشاد فر مایا ھے:
<وإذابتلیٰ إبرا ھیم ربّہ بکلمٰتٍ فاٴتمّھنّ قال إنی جاعلک للنّاس إما ماً>
”اور اس وقت کو یاد کروجب خدانے چند کلمات کے ذریعہ ابراھیم کا امتحان لیا اور انھوں نے پورا کر دیا تو اس نے کہا ہم تم کو لوگوں کا امام بنارھے ہیں۔“
قرآن مجیدکی مختلف آیات اور تاریخی قرائن سے معلوم ھو تا ھے کہ حضرت ابراھیم (ع) با بل کے بت پرستوں سے مبارزہ کر نے،شام کی طرف ہجرت کر نے اور خانہ کعبہ کی تعمیر کے بعد اپنے بیٹے اسماعیل(ع) کو قربان گاہ میں لے جانے کے بعد امامت کے منصب پر فائز ھو ئے ہیں۔
جب نبوت و رسالت کا عہدہ خدا کی طرف سے معیّن ھو ناضروری ھے تو مخلوق کی ہمہ جہت امامت و رہبری کا مرتبہ بطریق اولیٰ خدا کی طرف سے معیّن ھو نا ضروری ھے ،کیونکہ امامت کا مرتبہ رہبری کے تکامل کی معراج ھے ۔اس لئے یہ کوئی ایسی معمولی چیز نہیں ھے جسے لوگ انتخاب کریں ۔
پھر قرآن مجید خود مذکورہ آیت میں فر ماتا ھے:
<إنی جاعلک للنّاس اماماً>
”میں تم کو امام و پیشوا قرار دینے والا ھوں۔“
اسی طرح سورہ انبیاء کی آیت نمبر ۷۳ میں بھی بعض با عظمت انبیاء جیسے: حضرت ابراھیم(ع) ،حضرت لوط(ع) ،حضرت اسحاق(ع) اور حضرت یعقوب(ع) کے بارے میں ارشاد ھو تا ھے:
<وجعلنا ھم اٴئمة یھدون باٴمرنا>
”اورہم نے ان سب کو پیشوا قرار دیا جو ہمارے حکم سے ہدایت کرتے تھے“
اس قسم کی تعبیریں قرآن مجید کی دوسری آیتوں میں بھی ملتی ہیں ،جن سے معلوم ھو تا ھے کہ یہ الہٰی منصب خداوند متعال کے توسط سے ہی معیّن ھو نا چاہئے ۔
اس کے علاوہ ہم حضرت ابراھیم (ع) کی امامت سے متعلق مذکورہ آیت کے آخری حصہ میں پڑھتے ہیں کہ انھوں نے اپنے فرزندوں اور آنے والی نسل کے لئے اس منصب کی درخواست کی تو اللہ کی طرف سے یہ جواب ملا :
<لا ینال عھدی الظالمین>
”میرا عہد ہ ظالموں کو نہیں پہنچے گا “
یہ اس بات کی طرف اشارہ ھے کہ آپ کی دعا قبول ھوئی ،لیکن آپ کے
فر زندوں میں سے جو ظلم کے مرتکب ھو نے والے ہیں وہ ہر گز اس مرتبہ پر فائز نہیں ھو ں گے۔
قابل ذکر بات ھے کہ لغوی اور قرآن مجید کی منطق کے اعتبار سے ”ظالم“ کے وسیع معنیٰ ہیں اور اس میں تمام گناہ من جملہ ان کے آشکار و مخفی شرک اور اپنے اوپر اور دوسروں پر ہر قسم کا ظلم شامل ھے ۔چونکہ خداوند متعال کے علاوہ کوئی اس امر سے مکمل طور پر آگاہ نہیں ھے، کیونکہ صرف خدا ہی لوگوں کی نیتوں اور باطن سے آگاہ ھے ،اس لئے واضح ھو تا ھے کہ اس مرتبہ و منصب کا تعیّن صرف خدا وند متعال کے ہاتھ میں ھے ۔
۲۔آیہ تبلیغ
سورہ مائدہ کی آیت نمبر ۶۷ میں یوں ارشاد ھوا ھے:
<یٰاٴ یّھا الرّسول بلّغ ماانزل إلیک من ربّک وإن لم تفعل فما بلّغت رسا لتہ واللّٰہ یعصمک من الناس إن اللّٰہ لا یھدی القوم الکٰفرین>
”اے پیغمبر!آپ اس حکم کو پہنچادیں جو آپ کے پرور دگار کی طرف سے نازل کیا گیا ھے اور اگر آپ نے یہ نہ کیا تو گویا اس کے پیغام کو نہیں پہنچایا اور خدا آپ کو لوگوں کے شر سے محفوظ رکھے گا کہ اللہ کا فروں کی ہدایت نہیں کر تا ھے۔“
اس آیہ شریفہ کے لہجہ سے معلوم ھو تا ھے کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دوش مبارک پر ایک سنگین ماٴ مو ریت ڈالی گئی ھے اور اس سلسلہ میں ہر طرف کچھ خاص قسم کی پریشانیاں پھیلی تھیں ،یہ ایسا پیغام تھا کہ ممکن تھا لوگوں کے ایک گروہ کی طرف سے اس کی مخالفت کی جاتی،اس لئے آیہ شریفہ تاکید کے ساتھ پیغمبر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اس پر عمل کر نے کا حکم دیتی ھے اور ممکنہ خطرات اور پر یشانیوں کے مقابلہ میں آپ(صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کو خاطر خواہ اطمینان دلاتی ھے۔
یقینا یہ اہم مسئلہ توحید، شرک یا یھودو منا فقین جیسے دشمنوں سے جہاد کر نے سے مربوط نہیں تھا،کیونکہ اس زمانہ(سورہ مائدہ نازل ھو نے )تک یہ مسئلہ مکمل طور پر حل ھو چکا تھا۔
اسلام کے دوسرے احکام پہنچانے کے سلسلہ میں بھی اس قسم کی پریشانی اور اہمیت نہیں تھی ،کیو نکہ مذکورہ آیت کے مطابق بظاہر یہ حکم رسالت کے ہم وزن اور ہم پلہ تھا کہ اگر یہ حکم نہ پہنچا یا جاتا تو رسالت کا حق ادا نہیں ھو تا ۔کیا یہ مسئلہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی جانشینی اور خلافت کے علاوہ کچھ اور ھو سکتا ھے ؟خاص کر جب کہ یہ آیت پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عمر شریف کے آخری دنوں میں نازل ھوئی ھے اور یہ خلافت کے مسئلہ کے ساتھ تناسب بھی رکھتا ھے ،جو پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رسالت ونبوت کی بقا کا وسیلہ ھے۔
اس کے علاوہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلمکے صحابیوں کی ایک بڑی تعداد ،من جملہ زید بن ارقم ،ابو سعید خدری ،ابن عباس،جابر بن عبداللہ انصاری ،ابو ہریرہ ،حذیفہ اور ابن مسعود سے اس سلسلہ میں کثیر تعداد میں روایتیں نقل ھو ئی ہیں اور ان میں سے بعض روایتیں گیارہ واسطوں سے ہم تک پہنچی ہیں اور اہل سنت علماء،مفسرین ،محدثین اور مورخین نے بھی انھین نقل کرتے ھو ئے واضح کیا ھے کہ مذکورہ آیت حضرت علی(ع) اور غدیر کے واقعہ کے بارے میں نازل ھو ئی ھے [2]
ان شاء اللہ ہم ”غدیر“کی داستان کو ”روایات وسنت “کے عنوا ن سے آئندہ بحث میں تفصیل سے بیان کریں گے ۔لیکن یہاں پر ہم اسی یاد دہانی پر اکتفا کرتے ہیں کہ یہ آیت اس بات کی ایک واضح دلیل ھے کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یہ فرض تھا کہ اپنی زندگی کے آخری حج سے لوٹتے وقت حضرت علی(ع) کو با ضابطہ طور پر اپنا جا نشین معیّن کریں اور تمام مسلمانوں کو ان کا تعارف کرائیں۔
۳۔آیہ اولی الامر
سورہ نساء کی آیت نمبر ۵۹ میں ارشاد ھوا ھے:
<یٰاٴیّھاالّذین اٰمنوا اطیعوااللّٰہ واطیعوا الرسول واولی الامر منکم۔۔۔>
”ایمان والو!اللہ کی اطاعت کرواور رسول اور صاحبان امر کی اطاعت کروجو تمھیں میں سے ہیں۔۔۔“
یہاں پر اولوالامر کی اطاعت کسی قید وشرط کے بغیر خدا اور پیغمبر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اطاعت کے ہمراہ بیان ھوئی ھے۔
کیا”اولوالامر“سے مراد ہر زمان و مکان کے حکام اور فرمانروا ہیں؟ مثلاًکیا ہمارے زمانے میں ہر ملک کے مسلمانوں پر فرض ھے کہ اپنے حکام اور فر مانرواؤں کی اطاعت کریں؟(جیسا کہ اہل سنت کے بعض مفسرین نے بیان کیا ھے)
یہ بات عقل ومنطق کی کسی کسوٹی پر ہر گز نہیں اترتی ھے،کیونکہ اکثرحکمراںمختلف زمانوں اور عصروں میں منحرف،گناہ کار ،دوسرے ملکوں کے ایجنٹ اور ظالم ھو ئے ہیں۔کیا اس سے مراد یہ ھے کہ ان حکمرانوں کی پیروی و اطاعت کی جانی چاہئے جن کا حکم اسلامی احکام کے خلاف نہ ھو؟یہ بھی آیت کے مطلق ھو نے کے خلاف ھے۔
کیا اس سے مراد پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلمکے مخصوص اصحاب ہیں؟یہ احتمال بھی اس آیت کے وسیع مفھوم (جو ہردور اور زمانے کے لئے ھے)کے خلاف ھے۔
اس لئے ہمارے لئے یہ بات واضح ھو جاتی ھے کہ اس سے مراد معصوم پیشوا ھے جو ہر دور اور زمانے میں موجود ھو تا ھے اور اس کی اطاعت کسی قید وشرط کے بغیر واجب ھو تی ھے اور اس کا حکم، خدا ورورسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مانند واجب الاطاعت ھو تا ھے۔
اس سلسلہ میں اسلامی منابع وماٴخذ میں موجود متعدد احادیث میں ”اولو الامر“کی حضرت علی(ع) اور ائمہ معصومین (ع) سے کی گئی تطبیق بھی اس حقیقت کی گواہ ھے۔[3]
۴۔آیہ ولایت
سورہ مائدہ کی آیت نمبر ۵۵ میں ارشاد ھوا ھے:
<إنما ولیکم اللّٰہ ورسولہ والّذین آمنواالّذین یقیمون الصّلوٰة ویؤتون الزکوٰة وھم راکعون>
”ایمان والو بس تمھاراولی اللہ ھے اور اس کا رسول اوروہ صاحبان ایمان جو نماز قائم کرتے ہیں اور حالت رکوع میں زکوٰة دیتے ہیں۔“
عربی لغت میں لفظ”إنما“انحصار کے لئے استعمال ھو تا ھے،اس بات کے پیش نظر قرآن مجید نے مسلمانوں کی قیادت اور ولایت وسر پرستی کو صرف تین اشخاص میں منحصر فر مایا ھے :”خدا،پیغمبر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور وہ لوگ جو ایمان لاتے ہیں نماز قائم کرتے ہیں اور رکوع کی حالت میں زکوٰة دیتے ہیں“۔
اس میں کوئی شک وشبہہ نہیں ھے کہ”ولایت“ سے مراد مسلمانوں کی آپس دوستی نہیں ھے کیونکہ مسلمانوں کی عام دوستی کے لئے قید وشرط کی ضرورت نہیں ھے بلکہ تمام مسمان آپس میں دوست اور بھائی بھائی ہیں اگر چہ رکوع کی حالت میں کوئی زکوٰة بھی نہ دے ۔اس لئے یہاں پر ”ولایت“ وہی مادی و معنوی رہبری اور سر پرستی کے معنی میں ھے،بالاخص جب کہ یہ ولایت ،خدا کی ولایت اور پیغمبر کی ولایت کے ساتھ واقع ھو ئی ھے۔
یہ نکتہ بھی واضح ھے کہ مذکورہ آیت میں ذکر شدہ اوصاف ایک مخصوص شخص سے مر بوط ہیں،جس نے رکوع کی حالت میں زکوٰة دی ھے،ورنہ یہ کوئی ضروری امر نہیں ھے کہ انسان نماز کے رکوع کی حالت میں زکوٰة ادا کرے ،حقیقت میں یہ ایک نشاندہی ھے نہ توصیف۔
ان تمام قرائن سے معلوم ھو تا ھے کہ مذکورہ بالا آیہ شریفہ حضرت علی(ع) کی ایک مشھور داستان کی طرف ایک پر معنیٰ اشارہ ھے کہ حضرت علی(ع) نماز کے رکوع میں تھے ،ایک حاجتمند نے مسجد نبوی میں مدد کی درخواست کی ۔کسی نے اس کا مثبت جواب نہیں دیا۔ حضرت علی(ع) نے اسی حالت میں اپنے دائیں ہاتھ کی چھوٹی انگلی سے اشارہ کیا ۔حاجتمند نزدیک آگیا۔ حضرت علی(ع) کے ہاتھ میں موجود گراں قیمت انگوٹھی کو اتار کر لے گیا ۔پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس واقعہ کا مشاہدہ فر مایا تو نماز کے بعد اپنے سر مبارک کو آسمان کی طرف بلند کر کے یوں دعا کی :پروردگارا!میرے بھائی موسی(ع) نے تجھ سے درخواست کی کہ ان کی روح کو کشادہ،کام کو آسان اور ان کی زبان کی لکنت کو دور فر مادے اور ان کے بھائی ہارون کو ان کا وزیر اور مدد گار بنادے۔۔۔پرور دگارا! میں محمد ،تیرا منتخب پیغمبر ھوں ،میرے سینہ کو کشادہ اور میرے کام مجھ پر آسان فر ما، میرے خاندان میں سے علی(ع) کو میرا وزیر قرار دے تاکہ اس کی مدد سے میری کمر قوی اور مضبوط ھو جائے۔۔۔“
ابھی پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دعا ختم نہیں ھوئی تھی کہ مذکورہ بالا آیہ شریفہ کو لے کر جبرئیل امین نازل ھو ئے۔
دلچسپ بات یہ ھے کہ اہل سنّت کے بہت سے عظیم مفسرین ،مورخین اور محدثین نے اس آیہ شریفہ کی شاٴن نزول کو حضرت علی(ع) کے بارے میں نقل کیا ھے ۔اس کے علاوہ اصحاب رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں سے ایک گروہ نے ،جن کی تعداد س سے زیادہ ھے،اس حدیث کو خود پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے براہ راست نقل کیا ھے۔[4]
ولایت کے موضوع پر قرآن مجید میں بہت سی آیات ذکر ھوئی ہیں ،ہم نے کتاب کے اختصار کے پیش نظر صرف مذکورہ چار آیتوں پر ہی اکتفا کیا۔
امامت ،سنّت نبی(ص) کی روشنی میں
اسلامی احادیث سے مربوط کتابوں ،بالخصوص اہل سنت بھائیوں کی طرف سے تاٴلیف کی گئی کتابوں کا مطالعہ کر نے کے دوران انسا ن پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے نقل کی گئی احادیث کی ایک کثیر تعداد سے روبرو ھو تا ھے جو واضح طور پر حضرت علی(ع) کی امامت و خلافت کو ثابت کرتی ہیں۔
حیرت کی بات ھے کہ اتنی احادیث موجود ھو نے کے باوجود اس مسئلہ کے بارے میں کسی قسم کا شک وشبہہ باقی نہیں رہ جاتا تو پھر ایک گروہ اہل بیت(ع) کی راہ سے ہٹ کر کو ئی دوسری راہ کیسے اختیار کر لیتاھے؟
یہ احادیث ،جن میں سے بعض کے اسناد سینکڑوں تک ہیں (جیسے حدیث غدیر) اور بعض کے اسناد دسیوں تک اور دسیوں مشھور اسلامی کتا بوں میں نقل ھو ئی ہیں ،ایسی واضح اور روشن ہیں کہ اگر ہم تمام گفتگوؤں کو نظر انداز کردیں اور کسی کی تقلید کر نا چھوڑ دیں،تو ہ مسئلہ ہمارے لئے ایسا واضح ھو جائے گا کہ کسی اور دلیل کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی۔
ان احادیث کے مخزن سے ہم یہاں پر چند مشھور احادیث کو نمونہ کے طور پر پیش کرتے ہیں اور اس موضوع پر بیشتر اور گہرے مطالعہ کا شوق رکھنے والوں کے لئے ہم بعض منابع(کتابوں) کی نشاندہی کرتے ہیں تاکہ ان سی استفادہ کریں۔(۱)
۱۔حدیث غدیر
مورخین اسلام کی ایک بہت بڑی تعداد نے لکھا ھے کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنی زندگی کے آخری سال حج بجا لائے ۔فریضہ حج کو بجالانے کے بعد جبکہ حجاز کے مختلف علاقوں سے حج کے لئے آئے ھوئے آپ(صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کے نئے اور پرانے صحابیوںاور اسلام کے عاشقوں کی ایک بڑی تعداد آپ کے ساتھ تھی ۔مکہ سے واپسی پر یہ عظیم اجتماع ،مکہ اور مدینہ کے در میان واقع ”جحفہ“نامی ایک جگہ سے گزرتے ھوئے ”غدیر خم“کے نام پر ایک خشک اور گرم بیابان میں پہنچ گیا ۔در حقیقت یہ ایک چورا ہا تھا ۔جہاں پر حجاز کے تمام لوگوں کے راستے جدا ھوتے تھے۔
یہاں پر حجاز کے مختلف علاقوں کی طرف جانے والے مسلمانوں کے ایک دوسرے سے جدا ھونے سے پہلے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے سب کو رکنے کا حکم دیا۔ جو آگے بڑھے تھے انھیں واپس آنے کا حکم دیا اور پیچھے سے آنے والوں کا انتظار کیا گیا،اس طرح سب ایک جگہ جمع ھو گئے ۔ھوا انتہائی گرم اور دھوپ نہایت جھلسا دینے والی تھی۔بیابان میں دوردور تک کہیں کوئی سائبان نظر نہیں آرہا تھا۔مسلمانوں نے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امامت میں ظہر کی نماز پڑھی ۔جب ان سب نے نماز کے بعد اپنے خیموں کی طرف جانا چاہا تو پیغمبر اسلام نے حکم دیا کہ سب لو گ ٹھہر جائیں اور ایک مفصل
۱۔بیشتر وضاحت کے لئے کتاب”المراجعات“،”الغدیر“اور ”نوید امن وامان“کی طرف رجوع کریں۔
خطبہ کے ضمن میں ایک اہم الہٰی پیغام کو سننے کے لئے آمادہ ھو جائیں ۔
اونٹوں کے پالانوں کا ایک منبر بنایا گیا اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس پر تشریف لے گئے آپ(صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) نے حمد وثنائے الہٰی کے بعد لوگوں سے مخاطب ھو کر فرمایا:
میں خدا کی دعوت کو لبیک کہتے ھوئے جلدی ہی تمھارے درمیان سے رخصت ھونے والا ھوں۔ میں ذمہ دار ھوں اور تم لوگ بھی ذمہ دار ھو ۔ تم لوگ میرے بارے میں کس طرح کی شہادت دیتے ھو؟
لوگوں نے بلند آواز سے کہا:
” نشہد انک قد بلغت و نصحت و جہدت فجزاک اللّٰہ خیرا“
”ہم گواہی دیتے ہیں کہ آپ نے رسالت کی ذمہ داریاں نبھائیں اور ہماری بھلائی کے لئے ہماری نصحیت کی اور ہماری ہدایت میں نہایت کوشش کی،خداوند متعال آپ کو جزائے خیردے۔“
پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: کیا تم لوگ خدا کی وحدانیت ، میری رسالت اور قیامت کی حقیقت اور اس دن مردوں کے دوبارہ زندہ ھونے کی شہادت دیتے ھو؟
جواب میں سب نے یک زبان ھوکر کہا: جی ہاں ، ہم گواہی دیتے ہیں۔ آپ(صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) نے فرمایا: خداوندا! گواہ رہنا۔۔۔
آپ(صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) نے دوبارہ فرمایا: اے لوگوں ! کیا میری آواز سن رھے ھو؟انھوں نے کہا: جی ہاں۔
اس کے بعد پورے بیابان میں چاروں طرف خاموشی چھاگئی اور ھوا کی سنسناہٹ کی آواز کے علاوہ کوئی دوسری آواز سنائی نہیں دے رہی تھی۔
پیغمبرا سلام(صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) نے فرمایا: اب بتاؤ کہ ان دو گرانقدر چیزوں کے ساتھ تم لوگ کیسا سلوک کروگے جومیں تمھارے درمیان یادگارکے طور پر چھوڑے جارہاھوں؟
مجمع میں سے کسی نے بلند آورز سے سوال کیا: کون سی دوگرانقدر چیزیں، یا رسول اللہ؟!
پیغمبر(صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) نے فرمایا: پہلی چیز ”ثقل اکبر“ یعنی کتاب الہی”قرآن مجید“ھے۔ اس کے دامن کو ہرگز نہ چھوڑنا تا کہ گمراہ نہ ھوجاؤ۔ اور دوسری گرانقدر یادگار چیز میرے اہل بیت ہیں۔ خداوند لطیف و خبیر نے مجھے خبردی ھے کہ یہ دوچیزیں ہرگز ایک دوسرے سے جدا نہیں ھونگیں یہاں تک کہ بہشت میں مجھ سے مل جائیں، ان دو نوں سے آگے بڑھنے کی کوشش نہ کرنا ورنہ ہلاک ھوجاؤگے۔ اور ان سے پیچھے بھی نہ رہنا، کیونکہ اس صورت مین بھی ہلاک ھوجاؤگے۔
اس دوران اچانک آپ(ع) نے اپنی نظریں ادھر اُدھردوڑائیں، جیسے کہ آپ(صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کوکسی کی تلاؤ تھی۔ جوں ہی آپ(صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کی نظرحضرت علی(ع) پر پڑی، آپ جھک گئے اور ان کا ہاتھ پکڑ کر انہیں اتنا بلند کیا کہ دونوں کی بغلوں کی سفیدی دکھائی دے رہی تھی۔ سب لوگوں نے حضرت علی (ع) کو دیکھا اور انھیں پہچان لیا۔
اس موقع پر آنحضرت(صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) نے اور زیادہ بلند آواز کے ساتھ رفرمایا:
ایّھا الناس ! من اولی النّاس بالمومنین من انفسھم؟
لوگو! لوگوں میں سے کون شخص مومنین پر خود ان سے بھی زیادہ سزاورا ھے؟
سب نے جواب میں کہا: خدا اور س کا رسول(ع) بہتر جانتاھے۔
پیغمبر(صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) نے فرمایا:
” خداوند متعال میرامولا اور رہبر ھے، اور میں مؤمنین کا مولا ورہبر ھوں اور ان کی نسبت خود ان سے بھی زیادہ حق رکھتاھوں۔“
اس کے بعد فرمایا:
”فمن کنت مولاہ فعلی مولاہ“
”جس جس کا میں مولا اور رہبر ھوں، اس اس کے علی(ع) بھی مولاہیں“
آنحضرت(صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) نے اس جملہ کوتین مرتبہ دہرایا، بعض راویان حدیث کے مطابق اس جملہ کو چار مرتبہ دہرایا، اس کے بعد اپنے سر کو آسمان کی طرف بلند کرکے فرمایا:
”اللّہم وال من والاہ و عاد من عاداہ واحب من احبہ، وابغض من ابغضہ، وانصرمن نصرہ، واخذل من خذلہ، وادار الحق معہ حیث دار“
”خداوندا! اس کے دوستوں کو دوست رکھ اور س کے دشمنوں سے دشمن رکھ، جو شخص اسے محبوب رکھے اسے محبوب رکھ اور اس شخص سے بغض رکھ جس کے دل میں اس کا بغض ھو، اس کے دوستوں کی یاری فرما اور اس کا ساتھ چھوڑنے والوں کو محروم فرما، حق کو اس کے ساتھ پھیر جدھر وہ پھرے “
اس کے بعد فرمایا:
”تمام حاضرین اس خبر کو ان لوگوں تک پہنچائیں جو اس دقت یہاں پر حاضر نہیں ہیں۔“
ابھی لوگ متفرق نہیں ھوئے تھے کہ جبرئیل امین وحی الہی لے کرنازل ھوئے اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لئے یہ آیہ شریفہ لے آئے:< الیوم اکملت لکم دینکم واتممت علیکم نعمتی۔۔۔>[5]
”آج میں نے تمھارے لئے تمھارے دین کو کامل کردیا ھے اور اپنی نعمتوں کو تم پر تمام کردیاھے۔۔۔“
اس موقع پر پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فر مایا:
”اللّٰہ اکبر ،اللّٰہ اکبر ،علی اکمال الدین واتمام النعمة ورضی الرب برسالتی والو لایة لعلی من بعدی۔“
”خدا کی بزرگی کا اعلان کرتا ھوں ،خدا کی بزرگی کا اعلان کر تا ھوں، اس لئے کہ اس نے اپنے دین کو کامل اور اپنی نعمت کو ہم پر تمام کر دیا ھے اور میری رسالت اور میرے بعد علی(ع) کی ولا یت سے راضی ھو نے کا اعلان فر مایا ھے۔“
------- ختم شد -----
حدیث معرفتِ امام زمان ؑ
معتبر و مستند اسناد کے ساتھ
✍️ ســیـد نــادر نــقـوی
عدة من أصحابنا، عن أحمد بن محمد، عن علي بن النعمان، عن محمد بن مروان، عن فضيل بن يسار قال: سمعت أبا جعفر عليه السلام يقول: من مات وليس له إمام فميتته ميتة جاهلية، ومن مات وهو عارف الامامه لم يضره، تقدم هذا الأمر أو تأخر ومن مات و هو عارف لامامه، كان كمن هو مع القائم في فسطاطه.
ترجمه : جناب فضیل بن یسار بیان کرتے ہیں کہ میں حضرت امام محمد باقر ؑ سے سنا آپ ؑ نے فرمایا : جو بغیر امام کے مر جائے وہ جاہلیت کی موت مرا ہے اور جو امام کی معرفت رکھتے ہوئے مرا ہے اس کے لئے کوئی فرق نہیں خواہ حکومت حقہ کے قیام سے پہلے مر جائے یا بعد میں مر جائے۔ جو امام کی معرفت کے ساتھ مرا ہے وہ اس شخص کی مانند ہے جو قائم آل محمد کے خیمہ میں ان کے ساتھ ہے "۔
(الشافی، جلد ۲، باب ۸۴، صفحہ ۴۰۵، حدیث ۵)
الشيخ احمد الماحوزی نے کہا : اس کی سند صحیح ہے۔
(النصوص علی اھد الخصوص، صفحہ ۶۵، حدیث ۱۱۹)
الحسين بن محمد، عن معلى بن محمد، عن الحسن بن علي الوشاء، عن أحمد بن عائذ، عن ابن أذينة، عن الفضيل بن يسار قال: ابتدأنا أبو عبد الله عليه السلام يوما وقال: قال رسول الله صلى الله عليه وآله: من مات وليس عليه إمام فميتته ميتة جاهلية، فقلت: قال ذلك رسول الله صلى الله عليه وآله ؟ فقال: إي والله قد قال، قلت: فكل من مات وليس له إمام فميتته ميتة جاهلية ؟! قال: نعم.
ترجمہ : راوی کہتا ہے ایک دن حضرت ابو عبد الله ؑ نے فرمایا کہ رسول الله ﷺ والہ نے فرمایا ہے کہ جو کوئی اس حالت میں مر گیا کہ اس کا کوئی امام نہ تھا تو کفر کی موت مرا میں نے کہا کیا رسول الله ﷺ والہ نے ایسا فرمایا ہے؟ آپ ؑ نے فرمایا: ہاں خدا کی قسم! میں نے کہا ہر وہ شخص جس کا امام نہ ہو ایسی ہی موت مرے گا ؟ آپ نے فرمایا : ہاں"۔
(الشافی، جلد ۲، باب ۸۷، صفحہ ۴۱۶، حدیث ۱)
الشيخ احمد الماحوزی نے کہا : اس کی سند حسن صحیح ہے۔
(النصوص علی اھد الخصوص، صفحہ ۶۶، حدیث ۱۶۶)
محمد بن يحيى، عن أحمد بن محمد عن صفوان بن يحيى، عن عيسى بن السري أبي اليسع قال: قلت لأبي عبد الله (عليه السلام): والأرض لا تكون إلا بإمام ومن مات لا يعرف إمامه مات ميتة جاهلية وأحوج ما تكون إلى ما أنت عليه إذ بلغت نفسك هذه - وأهوى بيده إلى حلقه وانقطعت عنك الدنيا تقول: لقد كنت على أمر حسن
ترجمہ : زمین امام بر حق کے بغیر باقی نہیں رہ سکتی پس جو مر جائے اور وقت کے امام بر حق کی معرفت کے بغیر مر جائے وہ جہالت کی موت مرا ہے اور اس دور میں جس میں تم ہو اس عقیدہ کی زیادہ ضرورت ہے۔ خصوصا جب روح یہاں تک پہنچ جائے آپ نے گردن کی طرف اشارہ فرمایا اور اس وقت دنیا تجھ سے منہ موڑے گی تو اس وقت تم ایک احسن امر پر ہونگے".
(الشافی، جلد ۳، باب ۱۳، صفحہ ۲۵۵، ۲۵۶، حدیث ۶)
الشيخ احمد الماحوزی نے کہا : اس کی سند صحیح ہے۔
(النصوص علی اھد الخصوص، صفحہ ۶۶، حدیث ۱۲۲)
آیت الله الشيخ محمد آصف محسنی نے اس حدیث کو معتبر قرار دیا ہے۔
(معجم الاحادیث المعتبرہ، جلد ۲، حدیث ۳۲)
حدثنا محمد بن الحسن بن أحمد الوليد رضي الله عنه قال: حدثنا محمد بن - الحسن الصفار، وسعد بن عبد الله، وعبد الله بن جعفر الحميري جميعا، عن محمد بن الحسين ابن أبي الخطاب، عن علي بن النعمان، عن فضيل بن عثمان، عن أبي عبيدة قال: قلت لأبي عبد الله عليه السلام: جعلت فداك إن سالم بن أبي حفصة يلقاني ويقول لي: ألستم تروون أن من مات وليس له إمام فموتته موته جاهلية ؟ فأقول له: بلى، فيقول لي: قد مضى أبو جعفر فمن إمامكم اليوم ؟ فأكره جعلت فداك أن أقول له: جعفر فأقول له: أئمتي آل محمد، فيقول لي: ما أراك صنعت شيئا، فقال عليه السلام: ويخ سالم بن أبي حفصة لعنه الله وهل يدري سالم ما منزلة الامام، إن منزلة الامام أعظم مما يذهب إليه سالم والناس أجمعون، وإنه لن محلك منا إمام قط إلا ترك من بعده من يعلم مثل علمه، ويسير مثل سيرته، ويدعو إلى مثل الذي دعا إليه، وإنه لم يمنع الله عز وجل ما أعطى داود أن أعطى سليمان أفضل منه.
ترجمہ : راوی کہتا ہے کہ میں نے ایک مرتبہ حضرت امام جعفر صادق ؑ کی خدمت میں عرض کیا کہ مولا میری جان آپ پر فدا ہو مجھ سے سالم بن ابی حفصہ یلقانی نے کہا ہے کہ کیا تم لوگوں کا یہ عقیدہ ہے کہ اگر کوئی شخص مر جائے اور وہ امام (وقت) کی معرفت نہ رکھتا ہو تو اس کی موت جاہلیت کی موت ہوتی ہے۔ میں نے جواب دیا کہ ہاں یہ ہمارا عقیدہ ہے ۔ پس اس نے مجھ سے کہا کہ حضرت امام محمد باقر ؑ کے انتقال کے بعد تمہارا امام اب کون ہے ؟ تو میں آپ پر قربان ، میں نے اس سے یہ کہتے ہوئے کراہت کی کہ جعفر علیہ السلام ۔ پس اس سے کہا میرے ائمہ آل محمد ؑ ہیں۔ اس نے کہا میں نہیں سمجھتا کہ تم صحیح امام کی پیروی ( کرتے ہو ۔ حضرت امام جعفر صادق ؑ نے فرمایا کہ سالم بن ابی حفصہ پر افسوس اور لعنت خدا ہو۔ وہ کیا جانے امام کی منزلت کیا ہوتی ہے۔ امام کی منزلت ان خیالات سے بلند ہے جو سالم اور دوسرے لوگ رکھتے ہیں۔ ہم میں سے جب کوئی امام دنیا سے جاتا ہے تو اپنے علم کا وارث ( امام ) چھوڑتا ہے۔ جو علم اور سیرت میں اس جیسا ہو ۔ اور ان امور کی دعوت دے جن کی سابقہ امام نے دعوت دی اور الله کے لئے کوئی ممانعت نہیں کہ جو اس نے حضرت داؤد کو عطا کیا اس سے زیادہ حضرت سلمان کو عطا کیا "
(کمال الدین اتمام النعمة، باب ۱، باب ۲۲، صفحہ ۲۵۳، حدیث ۲۷)
الشيخ احمد الماحوزی نے کہا : اس کی سند صحیح ہے۔
(النصوص علی اھد الخصوص، صفحہ ۶۸، حدیث ۱۲۶)
الشيخ محمد آصف محسنی کے نزدیک یہ حدیث معتبر ہے۔
(المعتبر من بحار الانوار، جلد ۱، صفحہ ۳۷۵)
اس وقت لوگوں میں شور وغوغا بلند ھوا،لوگ حضرت علی (ع) کو اس مرتبہ کی مبارک باد دے رھے تھے ،یہاں تک کہ ابوبکر اور عمر نے لوگوں کے اجتماع میں علی(ع) سے مخاطب ھو کر یہ جملہ کہا:
”بخ بخ لک یابن ابیطالب اصبحت و امسیت مولای ومولا کل مؤمن ومؤ منة“
Comments
Post a Comment