مشی اربعین " کے عالمی ریکارڈ
*" مشی اربعین " کے عالمی ریکارڈ*
سید الشہداء امام حسین ع کے واقعہ کربلا کے اندر بہت سے اسرار و راز نہفتہ ہیں جو کہ صدیوں کے گزرنے کے ساتھ ساتھ دنیا کے سامنے آشکار ہو رہے ہیں اور ہر انسان و آدمی زاد کی خواہش اور آرزو ہے کہ وہ خود کو امام حسین سے منسوب کرے اور خود کو حسینی کہلوانے میں فخر و مباہات محسوس کرے ۔
اربعین حسینی امام حسین ع کی شہادت کا چالیسواں دن امام کی شہادت کے دن یعنی عاشوراء کی طرح سال بہ سال پوری دنیا پر چھا رہا ہے اور عالمی ریکارڈ قائم کر رہا ہے ۔ پورا عالم کروڑوں نفوس پر مشتمل اس اجتماع پر انگشت بدندان ہے اور استکباری طاقتیں اس انقلابی اجتماع سے بہت خوفزدہ ہیں ۔ جس طرح مامون الرشید نے امام رضا کے گرد سینکڑوں مسلمین کے اجتماع کو دیکھ کر امام کو گرفتار کر لیا اسی طرح آج بھی دین و مذھب کا یہ اجتماع عالمی و علاقائی طاغوتوں کی نیندیں حرام کر چکا ہے اور وہ اسے کم رنگ کرنے کی ناکام کوششوں میں مصروف نظر آتے ہیں ۔
2015 سے یہ اجتماع دو کروڑ حسینی زائرین سے تجاوز کر چکا ہے اور موجودہ سال میں یہ تعداد تین کروڑ سے تجاوز کر رہی ہے ۔ یہ عالمی ریکارڈ ہے کہ کسی بھی سالانہ مذہبی اجتماع میں کروڑوں کی تعداد میں شرکت ہورہی ہو نیز کسی بھی ملک میں دنیا بھر کے 70 سے زیادہ ممالک سے آنے والے زائرین کا مجمع ایک جدا ریکارڈ ہے ۔
*طولانی ترین پیادہ روی*
پوری دنیا میں سب سے لمبی پیادہ روی بھی اربعین کے موقع پر وقوع پذیر ہوتی ہیں اور خود عراق کے اندر دور دراز سے 500 میل سے زیادہ سفر طے کرکے زائرین کربلا پہنچتے ہیں ۔
*کھانا کھلانے کا دنیا کا سب سے بڑا انتظام*
اربعین حسینی کے موقع پر زائرین کو کھانا کھلانے کا دنیا کا سب سے عظیم انتظام کیا جاتا ہے دس سے پندرہ دن تک کسی بھی زائر کو کم ہی ضرورت پڑتی ہے کہ وہ کسی وقت کا کھانا خرید کر کھائے ۔ زیادہ تر ملک عزیز عراق کے شہری اور دیہاتی لوگ اس میں حسینی سخاوت اور ایثار کا بے مثال مظاہرہ کرتے ہیں اور اشیائے خورد و نوش کی خرید سے لے کر اسے آمادہ کرنے ، پکانے اور اسے عزت و احترام کے ساتھ تقسیم کرنے تک تمام مراحل میں لوگ رضاکارانہ طور پر شرکت کرتے ہیں ۔ کربلا کی طرف جانے والے مختلف راستوں پر لگائے گئے سترہ ہزار سے زیادہ موکب اور زائر نوازی کے لئے خیمے نصب کیے جاتے ہیں جس میں حسینی زائرین کے لیے کھانے ، سونے ، ابتدائی طبی امداد ، صفائی ، نماز اور مجالس برپا کرنے کی سہولت بغیر کسی معاوضے کے میسر اور فراہم ہوتی ہے ۔ اربعین حسینی کا یہ کروڑوں کا اجتماع صرف شیعہ مذہب کے افراد پر مشتمل نہیں ہوتا بلکہ اس میں ہر آزاد فکر اور حریت پسند انسان خواہ وہ کسی بھی مذہب ، دین و فرقہ سے تعلق رکھتا ہو شرکت کرتا ہے ۔
*اربعین حسینی کے اجتماع کا انوکھا ریکارڈ*
جس طرح واقعہ کربلا تمام تاریخی واقعات میں انوکھی حیثیت کا حامل ہے اسی طرح اربعین کا اجتماع بھی ایک انوکھا ریکارڈ رکھتا ہے وہ یہ کہ دنیا کا یہ واحد کروڑوں زائرین پر مشتمل اجتماع ہے کہ جسے عالمی میڈیا کوئی کوریج نہیں دیتا ۔ یہ اجتماع نہ صرف یورپی و امریکی ذرائع ابلاغ کے لیے ناقابل برداشت ہے بلکہ علاقائی ممالک بھی ایک آدھ منٹ دکھانے کی ہمت نہیں کرتے اور کئی سالوں سے اس عظیم الشان عوامی ، انسانی ، مذہبی اور حسینی اجتماع سے چشم پوشی کر رہے ہیں اور اس بابت کوئی ایک خبر یا تصویر نہیں دیتے البتہ بی بی زینب کی دربار یزید میں للکار " *یا یزید کد کیدک و سع سعیک فواللہ لا تمحو ذکرنا* " صرف اس یزید کو نہیں تھی بلکہ قیامت تک کے یزیدوں کے لئے ہے کہ " اے یزیدان عصر ! تم جتنی بھی مکروہ کوششیں کر سکتے ہو کر لو قسم بخدا ہمارا ذکر نہیں چھپا سکتے ۔ "
*اربعین مقدمہ ظہور امام و امامت*
موجودہ پر خطر و مادی دور میں جہاں ہرطرف نفسانفسی کا عالم ہے اور ہر شخص ، قوم و ملک اپنے ذاتی ، قومی اور ملکی تشخص و مفادات کو دیکھ رہا ہے اور ترجیح دیتا ہے ۔ اس دوران اربعین حسینی کے اس اجتماع نے ان سب چیزوں سے فرا تر عشق حسین پر تمام متفرق انسانوں مذاہب و ادیان کو زیر سایہ پرچم حسین ع جمع کردیا ہے ۔ ایران و عراق کے درمیان آٹھ سالہ جنگ کی دشمنی حتی عرب و عجم کے تعصب کو عشق حسین ع نے ختم کر کے ان دو قوموں کو بہت قریب کر دیا ہے۔ یہ حسینی وحدت و اخوت ظہور امام مہدی ع اور نظام ولایت و امامت کے غلبے کی امید و نوید بن کے سامنے آئی ہے ۔
*حب الحسین یجمعنا* یعنی *حب و عشق حسین نے ہم سب کو اکٹھا کر دیا ہے ۔*
Comments
Post a Comment